28 مئی ، 2015
کراچی .......چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کہتے ہیں، عوام پیچھے نہ ہوں تو صرف اداروں اور ہتھیاروں سے دہشت گردی کو شکست دینا ممکن نہیں، ملک کو سیکیورٹی اسٹیٹ کے بجائے، فلاحی ریاست بنایا جائے، کراچی میں دسویں کنزیومر چوائس ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوئی-اس موقع پر چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو فلاحی اور ترقی پسند ریاست ہونا تھا،لیکن بدقسمتی سے قائد اعظم کا یہ خواب پورا نہیں ہوسکا-انہوں نے کہا کہ کوئی بھی غلط کام ہوتاہے تو 18ویں ترمیم پر ڈال دیا جاتاہے،جبکہ صوبائی حکومتیں مشترکہ مفاد کونسل میں جانے سے کتراتی ہیں۔رضا ربانی کا کہنا تھا کہ دفاعی امور سمیت ہر معاملے کو پارلیمان کے سامنے لانا چاہیے -صرف ہتھیاروں اور سیکیورٹی ایجنسیز سے تحفظ ممکن نہیں،قوم کے اتحاد سے ہی ملک بچایا جاسکتا ہے۔ تقریب کے دوران بہترین کارکردگی پر بیسٹ کنزومر ایوارڈز بھی تقسیم کئے گئے۔