29 مئی ، 2015
کراچی......سندھ ہائی کورٹ نے لبیک ٹی وی چینل میں ایگزیکٹ کمپنی کے عہدے داروں کی شمولیت کے معاملے پر وفاقی حکومت کی درخواست پرلبیک ٹی وی چینل کو 5جون کے لئے نوٹس جاری کردیا۔ وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے ایگزیکٹ کے معاملے میں شفافیت کا سوال اٹھایا ہے اس کا حکم امتناع ختم کیا جائے۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے وفاق کی درخواست کی سماعت کی۔ لبیک ٹی وی چینل میں ایگزیکٹ کے عہدے داروں کی شمولیت کا معاملے پروفاقی حکومت نے درخواست میں کہاہے کہ سی ای او ایگزیکٹ شعیب شیخ، وقاص عتیق، عائشہ شیخ اور سرور بشیر کو لبیک ٹی وی چینل میں ڈائریکٹر اور شیئر ہولڈر بنایا تھا لیکن وفاقی وزارت داخلہ نے چاروں عہدے داروں کے نام ڈائریکٹر اور شیئر ہولڈرز کی فہرست سے نکال دیے تھے۔ درخواست گزار کے مطابق سیکیورٹی کلیئرنس نہ ہونے کی وجہ سے چاروں عہدے داروں کے نام نکالے گئے تھے جس کے خلاف لبیک ٹی وی نے 8جولائی 2013ء کو حکم امتناع حاصل کرلیا تھا۔ وفاقی حکومت نے استدعا کی کہ سپریم کورٹ نے ایگزیکٹ کے معاملے میں شفافیت کا سوال اٹھایا ہے، اس لیے حکم امتناع ختم کیا جائے اور چاروں عہدے داروں کے نام بھی ڈائریکٹر اورشیئر ہولڈرز کی فہرست سے خارج کیے جائیں۔ عدالت نے حکم امتناع حاصل کرنے والے لبیک ٹی وی چینل کو 5 جون کےلیے نوٹس جاری کردیا۔