31 مئی ، 2015
لاہور .....پاکستان وائٹ واش کرے گا یا زمبابوے سیریز کی واحد فتح حاصل کریگا ، فیصلہ آج ہوجائیگا۔آج دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شام 4بجے شروع ہوگا ۔آخری ایک روزہ مقابلے میں میزبان ٹیم سیریزمیں کلین سوئپ کریگی یا مہمان ٹیم ایک فتح کی خوشی کے ساتھ گھر لوٹے گی ،فیصلہ بس چند گھنٹوں کی دوری پر ہے۔ پچھلے میچوں کی طرح اس معرکے میں بھی شائقین کا جوش وخروش عروج پر ہے۔پاکستان اور زمبابوے کی ٹیمیں اسی عزم کے ساتھ آج میدان میں اُتریں گی۔ٹی ٹوئنٹی ہو یا ون ڈے، میزبان ٹیم کو ہر مرتبہ مہمان ٹیم سے ٹف ٹائم ملا۔کبھی اُن کے بولرز نے پریشان کیا تو کبھی بیٹسمینوں نے ہلا بولا۔لیکن ہر مرتبہ وہ منزل کے قریب پہنچ کر اُسے پانے میں ناکام رہے۔آج پاکستانی کرکٹرز کی کوشش ہوگی کہ کلین سوئپ کا جو موقع ہاتھ آیا ہے وہ اُسے جانے نہ دیں ۔سیریز کا آخری اور زبردست معرکہ شائقین دیکھ سکیں گے۔