دنیا
01 جون ، 2015

یمن: حوثی باغیوں کی سرحد پر گولہ باری میں 1جاں بحق، 7زخمی

یمن: حوثی باغیوں کی سرحد پر گولہ باری میں 1جاں بحق، 7زخمی

ریاض......آئی این پی......سعودی عرب کی یمن کے ساتھ واقع جنوبی سرحد پر حوثی باغیوں کی جانب سے گولہ باری سے 1محافظ جاں بحق اور7 زخمی ہوگئے ہیں۔ ایک غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحدی محافظ جازان کے علاقے حارث میں گشت پر تھے۔ اس دوران ان پر یمن کے سرحدی علاقے سے گولہ باری کی گئی ہے، سعودی محافظوں نے جوابی گولہ باری کی اور وہ فوج کی دوسری شاخوں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ یمن کے شمالی علاقوں میں موجود حوثی باغیوں کی جانب سے 26مارچ کے بعد سعودی عرب کے سرحدی علاقوں میں گولہ باری اور میزائل حملوں میں جاں بحق ہونے والے شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی تعداد31 ہوگئی ہے۔ اس دوران سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری جاری رکھی ہوئی ہے۔ یمن میں صدر منصور ہادی کی وفادار فورسز اور حوثی شیعہ باغیوں کے درمیان جھڑپوں میں 2000سے زیادہ ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ اقوام متحدہ کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق 5لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :