Time 14 مارچ ، 2025
دنیا

برازیل نے کلائمیٹ سمٹ کی تیاری میں روڈ بنانے کیلئے ہزاروں درخت کاٹ دیے

برازیل نے کلائمیٹ سمٹ کی تیاری میں روڈ بنانے کیلئے ہزاروں درخت کاٹ دیے
برازیل نومبر میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس کوپ 30 کی میزبانی کرے گا جس میں دنیا بھر سے 50 ہزار افراد شرکت کریں گے/ فوٹو سوشل میڈیا

برازیل نے کلائمٹ سمٹ کی تیاری میں روڈ بنانے کیلئے ہزاروں درخت کاٹ ڈالے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برازیل نومبر میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس کوپ 30 کی میزبانی کرے گا جس میں دنیا بھر سے 50 ہزار افراد شرکت کریں گے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ برازیل نے اجلاس کی غرض سے سڑک تعمیر کرنے کیلئے ایمازون کے رین فارسٹ  سے ہزاروں قیمتی درخت کاٹ ڈالے جس کے بعد اسے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

بی بی سی کے مطابق برازیل نے  چار لین والی ہائی وے تعمیر کی جس کے لیے بڑی تعداد میں درختوں کی کٹائی کی گئی۔

برازیل کی جانب سے درختوں کی کٹائی  پر مقامی اور ماحول دوست افراد نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ جنگلات کی کٹائی موسمیاتی سربراہی اجلاس کے مقصد سے متصادم ہے۔

ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق ایمازون کا برساتی جنگل زمین کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ یہ جنگل بہت زیادہ کاربن جذب کرتا ہے اور بہت سے منفرد پودوں اور جانوروں کا گھر بھی ہے۔

دوسری جانب برازیل کے صدر اور وزیر ماحولیات نے عجیب و غریب منطق پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک تاریخی سربراہی اجلاس ہو گا کیونکہ یہ 'ایمازون میں ایک کوپ ہے، ایمازون کے بارے میں کوپ نہیں۔

صدر کا کہنا تھا کہ یہ میٹنگ ایمازون کی ضروریات پر توجہ مرکوز کرنے، دنیا کو جنگل دکھانے اور اس کے تحفظ کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو پیش کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔

مزید خبریں :