پاکستان
11 مئی ، 2012

وزیراعظم کو کام سے روکنے کی پٹیشن عدالت کی ہدایت پر واپس

وزیراعظم کو کام سے روکنے کی پٹیشن عدالت کی ہدایت پر واپس

اسلام آباد… وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو کام سے روکنے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر ایک درخواست کو عدالت کے تنقیدی ریمارکس کے بعد واپس لے لیا گیا ہے۔ جسٹس شوکت صدیقی نے ریمارکس دئیے ہیں کہ سپریم کورٹ نے خود وزیراعظم کو نااہل نہیں کیا ہے ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت صدیقی نے وزیراعظم گیلانی اور ان کی کابینہ کو کام سے روکنے کیلئے جی ایم چودھری ایڈووکیٹ کی پٹیشن پر ابتدائی سماعت کی، جسٹس شوکت صدیقی نے ریمارکس میں کہاکہ جس سزا پر عمل ہوچکا ہو اس پر اپیل کا فیصلہ تو سپریم کورٹ نے کرنا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہاں لکھا ہے کہ وزیراعظم نااہل ہوگئے ہیں؟ سپریم کورٹ نے خود وزیراعظم کو نااہل نہیں کیا،ہائی کورٹ میں وزیراعظم کے خلاف درخواست پر فیصلے کا اثر پورے ملک پر ہوسکتا ہے،جج نے کہاکہ کسی بھی معاملے کی چھ بنیاد ہوتی ہیں، اس میں اخلاقی، جمہوری،تاریخی روایت، آئینی ، قانونی اور سیاسی بنیادیں شامل ہیں، عدالت کو آئینی بنیاد تک محدو رہنے دیں ، درخواست گزار وکیل نے کہاکہ عدالتی فیصلہ کے بعد وزیراعظم کو نہ ہٹانے کیلئے اسپیکر اسمبلی کو اختیار حاصل نہیں ہے، جسٹس شوکت صدیقی نے کہاکہ رکن پارلیمنٹ کی نااہلی کیلئے اسپیکر کی طرف معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا جاتا ہے، اس حوالے سے آئینی طریقہ کار موجود ہے، بعد میں عدالت نے کہاکہ اس درخواست کے قابل سماعت ہونے کی کوئی بنیاد نہیں ، اس پر درخواست گزار وکیل نے اپنی پٹیشن واپس لے لی۔

مزید خبریں :