03 جون ، 2015
کراچی......رفیق مانگٹ......بھارتی وزیر دفاع کا پاکستان کے خلاف جارحانہ بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے اب انہوں نے امریکا کی طرف سے پاکستان کو دفاعی سازوسامان کی فروخت پر تشویش کا اظہار کردیا ہے۔ بھارتی اخبار’’دی ہندو‘‘ اور دیگر ذرائع ابلاغ کے مطابق نئی دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھارتی ویزر دفاع منوہر پریکر نے کہا کہ میں تفصیلات پر تبصرہ نہیں کروں گا لیکن پاکستان کو کوئی بھی اسلحہ فروخت کرے وہ بھارت کے لئے تشویش کا باعث ہے۔ امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر کے دورۂ بھارت کے دوران ان سے ملاقات سے قبل پاکستان کو امریکی اسلحے کی فراہمی پر بھارتی وزیر دفاع نے اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ میڈیا نے پاکستان کو اسلحے کی مسلسل امریکی فروخت اورکارٹر سے ملاقات کے دوران اس مسئلے کو اٹھانے کے متعلق سوالات کیے۔ اخبار نے امریکی کانگریس کی تازہ رپورٹ کے حوالے سے لکھا کہ نائن الیون واقعے کے بعد امریکا نے پاکستان کو 5ارب 40کروڑ ڈالر کے ایف 16طیاروں سمیت دفاعی سازوسامان فراہم کیا، اس لاگت میں نصف ایف 16طیاروں اور ان کے متعلقہ سازوسامان کے متعلق ہے۔ 10سالہ فریم ورک میں پاکستان کو دیئے جانے والے فوجی سازوسامان کا مقصد سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ کی صلاحیت میں اضافہ کرنا تھا۔ اخبار کے مطابق بھارت کو یہ خدشہ ہے کہ بھارت کے ساتھ روایتی جنگ میںپاکستان کو امریکا کی طرف سے فراہم کردہ اسلحہ ان کے خلاف استعمال کیا جاسکتا ہے۔