11 مئی ، 2012
لاہور… آج وزارت پانی و بجلی نے ملک میں غیر اعلانی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن ایسا خود بخود نہیں ہوا ، پہلے کی طرح اس بار بھی یہ خوشی کی خبر سننے کے لیے ہزاروں افراد کو سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنا پڑا۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف جب عوام سڑکوں پر سراپا احتجاج بنے تو حکومت بھی حرکت میں آگئی، صدر نے اپنی تمام مصروفیات ترک کر کے وزیروں اور اعلیٰ عہدے داروں کو بلا لیا۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ آج وزارت پانی و بجلی نے دعویٰ کیا ہے کہ اب غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی کیونکہ تیل اور گیس کی فراہمی کے بعد کئی پاور ہاوسز ایک مرتبہ پھر چلا دئیے گئے ہیں اور سسٹم میں ایک ہزار دو سو میگا واٹ بجلی شامل ہو گئی ہے۔ ادھر جمعرات کو ملک میں بجلی کا شارٹ فال آٹھ ہزار دو سو میگاواٹ تھا جو آج چار ہزار رہ گیا ہے۔ دوسری جانب لوڈ شیڈنگ کی صورتحال ہے کہ کہ کراچی لاہور اور پشاور سمیت ملک کے دیگر شہروں اور دیہات میں بجلی 16 ،16، گھنٹے غائب ہے۔