05 جون ، 2015
اسلام آباد .......پاکستان کے دفاعی بجٹ میں 80 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، اور یہ بجٹ ہو گیا ہے 780ارب روپے، مگر یہ بھارت کے دفاعی بجٹ سے اب بھی 6 گنا کم ہے اور پاکستان کے عام فوجی پر اخراجات بھی پڑوسی ملک بھارت سے کہیں کم ہیں۔ پاکستان کا مجموعی بجٹ 16.6فیصد اضافے کے ساتھ ہو گیا ہے 4ہزار 313ارب روپے۔ دفاعی بجٹ 80 ارب روپے اضافے کے ساتھ ہواہے 780 ارب روپے، جس میں اسٹریٹجک فورسز اور سول آرمڈ فورسز بھی شامل ہیں۔ ملک کے مجموعی بجٹ میں سے فوج کا حصہ ہے 371ارب روپے یعنی تقریبا ً 7.9 فیصد ۔ دفاعی ماہرین کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ کو مد نظر رکھا جائے تو دفاعی بجٹ میں کمی ہوئی ہے کیوں کہ آپریشنز کے باعث اخراجات بہت بڑھ چکے ہیں ۔ دفاعی ماہرین اس حوالے سے سال 2003کی مثال دیتے ہوئے یہ کہتے ہیں کہ تب ملکی بجٹ 828ارب روپے اور دفاعی بجٹ 175ارب روپے تھا جو کہ اُس وقت کے بجٹ کا 21فیصد تھا۔دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ 2001 میں بھارت کا دفاعی بجٹ 11.8ارب ڈالر تھا اور اب یہ بڑھ کر 38.35ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے، بھارت تو اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ دفاعی اخراجات کرنے والا ملک ہے ۔ اس کے مقابلے میں پاک فوج کا دفاعی بجٹ 3.2ارب ڈالر ہے جو بھارت کے دفاعی بجٹ سے 6 گنا کم ہے ۔ دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستان کےایک فوجی پر سالانہ 8ہزار 77ڈالر جبکہ بھارت کے ایک فوجی پر 17ہزار 554ڈالر خرچ ہوتے ہیں ۔ ترکی میں ایک فوجی پرسالانہ 31ہزار 184ڈالر، سعودی عرب کے ایک فوجی پر2لاکھ69ہزا ر 60ڈالر اور ایک امریکی فوجی پر 4لاکھ 26ہزار 8سو 14ڈالر سالانہ اخراجات آتے ہیں ۔