پاکستان
11 مئی ، 2012

شمالی علاقوں میں بارش، دیگر شدید گرمی کی لپیٹ میں

شمالی علاقوں میں بارش، دیگر شدید گرمی کی لپیٹ میں

کراچی… شمالی وزیرستان میں بارش اور ژالہ باری جبکہ گلگت بلتستان، ہزارہ اور کشمیر کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد موسم میں خوشگوار تبدیلی آئی ہے تاہم سندھ ، پنجاب اور بلوچستان بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔استورمیں کئی گھنٹوں سے جاری بارش کی وجہ سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ شدید بارش کی وجہ سے آلو اور مکئی کی فصل کو نقصان پہنچنے کا خطرہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔ دیامر اور غذر کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے ہلکی برف باری ہورہی ہے۔ غذر اور چلاس میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گیاری سیکٹر سمیت بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری ہو رہی ہے۔ ہزارہ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں رات گئے تیز بارش کے بعد صبح سے موسم خوش گوار ہے۔ آزاد کشمیر میں مظفر آباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری کے بعدموسم سرد ہوگیا ہے۔ شمالی وزیرستان میں بھی تیز بارش اور ژالہ باری سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ سندھ میں جھلسا دینے والی گرمی کی لہر برقرار ہے۔ کئی علاقوں میں روزانہ درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈسے بھی تجاوز کرجاتا ہے۔ پنجاب اور بلوچستان بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔جمعرات کو بہاول پور اور رحیم یار خان ملک کے گرم ترین علاقے رہے جہاں درجہ حرارت 43 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید خبریں :