پاکستان
07 جون ، 2015

روہنگیا مسلمانوں کی امداد کیلئے وزیراعظم کی قائم کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

روہنگیا مسلمانوں کی امداد کیلئے وزیراعظم کی قائم کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد.....برما میں ظلم کا شکار لاکھوں اور سمندر میں پھنسے ہزاروں روہنگیا مسلمانوں کی امداد کیلئے وزیر اعظم نواز شریف نے کابینہ کمیٹی قائم کردی ہے ،جس کا اجلاس آج ہوگا۔ وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر آنکھیں بند نہ کریں۔کھلے سمندر میں روہنگیا مسلمانوں کی زندگیاں ڈوب رہی ہیں،لیکن پل پل مرتی ان زندہ لاشوں کو کہیں سے جینے کیلئے ایک کنارا نہیں مل رہا،یہ وہ بدنصیب ہیں جن کے اوپر ان کے اپنے ملک کی زمین تنگ کردی گئی،جو اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے پیاروں کو اشین وراتھو کے جنون کے ہاتھوں ختم ہوتا دیکھ چکے ہیں،اشین وراتھو انسان کے روپ میں وہ بھیڑیا جو مسلمان اقلیت کو صفحہ ہستی سے مٹانے کیلئے کھلے عام خون کی ہولی کھیلنے کا اقرار کرتا ہے،لیکن ریاست ہے کہ انسانیت کی لاش کو کفن پہنا کر اس کی آخری رسومات کا انتظار کررہی ہے ۔یہ برما کے علاقے رکھائن کی وہ بستیاں ہیں جو وراتھو کے چیلوں کے ہاتھوں راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکیں،حیوانیت اور وحشت کے ناچتے بگولوں نے یہاں خاندان نہیں نسلیں اجاڑدیں،جو بچ کر نکلے ہیں انہیں اب پناہ دینے کو کوئی تیار نہیں،آواز اٹھی ہے تو پاکستان سے وزارت داخلہ کی جس کے سربراہ چوہدری نثار نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کے ضمیروں کو جھنجھوڑنے کی ایک کوشش کرتے ہوئے انہیں اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا ہے۔وزیر اعظم نواز شریف نے بھی ان بے کسوں کی امدادکیلئے کمیٹی قائم کردی ہے، جس کا اجلاس آج ہوگاجبکہ بحریہ ٹاؤن کے ملک ریاض کی جانب سے بھی دس کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے،لیکن میانمار میں جمہوریت کیلئے آواز اٹھانے والی آنگ سان سوکی کے جذبے کہاں جا سوئے،شاید آنے والے انتخابات کی ممکنہ کامیابی کی آس میں ان کی زبان چپ کا روزہ رکھے ہوئے ہے ،جس کیلئے انہیں بدھ مت مذہبی حلقوں کی حمایت چاہیے۔

مزید خبریں :