دنیا
10 جون ، 2015

بھارتی وزیر راجيہ وردھن سنگھ راٹھور کی پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی

بھارتی وزیر راجيہ وردھن سنگھ راٹھور کی پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی

نئی دہلی .....بھارتی وزیر راجيہ وردھن سنگھ راٹھور نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ برما کی سرحد کے اندر بھارتی فوج کی کارروائی پاکستان سمیت ان دوسرے ممالک کیلئے ایک پیغام ہے جو ہندوستان کیخلاف دہشتگردی کو فروغ دیتے ہیں۔بھارتی فوج نے منگل کو اپنی سرحد پار کرتے ہوئے برما کی سرحد کے اندر داخل ہو کر مبینہ شدت پسندوں کے 2 کیمپ تباہ کردینے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس حوالے سےگفتگو میں مرکزی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات راجيہ وردھن سنگھ کا کہنا ہے کہ برما کی حدود میں جا کر کارروائی کرنے کا فیصلہ بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔ بھارتی اخبار کے اس سوال پر کہ کیا بھارت پاکستان میں بھی ایسی کارروائی کر سکتا ہے؟۔ راٹھور نے کہا کہ یہ پاکستان سمیت تمام ممالک اور تنظیموں کیلئے ایک پیغام ہے جو ہندوستان کیخلاف دہشتگردی کو فروغ دیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ’ایک دہشتگرد صرف دہشتگرد ہوتا ہے اس کی کوئی دوسری شناخت نہیں ہوتی۔ بھارت جب چاہے گا تب کارروائی کریگا۔‘راٹھور نے جو بھارتی فوج میں کرنل رہ چکے ہیں، گیدڑ بھپکیاں دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پر حملہ برداشت نہیں کیا جائیگا، دوستی ہو یا جارحانہ کارروائی ہم ہمیشہ پہل کرینگے۔ بھارت اپنی منتخب جگہ اور وقت پر کارروائی کریگا۔فوج کی کارروائی کے بعد بھارتی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے ٹویٹ کیا تھا کہ بھارتی فوج نے شدت پسندوں کے دل میں حملہ کیا ہے۔ ملک کے دشمنوں کو کرارا جواب۔ بھارتی دعوے کے مطابق اس حملے میں انکا کوئی فوجی زخمی نہیں ہوا ہے۔

مزید خبریں :