26 جنوری ، 2012
پشاور… عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے مطالبہ کیا ہے کہ پشاور ائیرپورٹ کا نام باچا خان کے نام پر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ باچا خان کا خواب تھا کہ پختون قوم تعلیم یافتہ بنے ، جبکہ ولی خان کہتے تھے کہ بندوق بھیجو گے تو جواب میں گلدستے نہیں آئینگے۔ خدائی خدمت گارتحریک کے بانی خان عبدالغفارخان اوررہبرتحریک عبدالولی خان کی مشترکہ برسی کے موقع پر اے این پی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کہا جا رہا ہے کہ پرائی جنگ لڑ رہے ہیں، ولی خان 1980میں جہاد افغانستان کے خلاف تھے اور یہی بات کہتے تھے، باچا خان اور ولی خان تاریخ ساز شخصیت تھے، قیامت تک یہ شخصیات عوام کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ تمام اداروں کی بنیاد ہے، آئین میں لکھا ہے کہ کوئی ادارہ کسی دوسرے ادارے کے کام میں مداخلت نہ کرے، ہم سے یہ توقع نہ رکھی جائے کہ کسی غیر قانونی اقدام کی حمایت کرینگے۔اسفندیار ولی نے مزید کہا کہ بہت سے لوگ بدگمانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ اس سے قبل اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا نے کہا کہ پختونوں کے اسلاف نے تحریک آزادی کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبرپختون خوا کو بجلی کے خالص منافع کی مد میں سالانہ 6 ارب روپے کا ملناناانصافی ہے جس میں اضافے کے لئے سیاسی اور آئینی جنگ لڑیں گے۔