26 جنوری ، 2012
چمن… چمن سمیت شمالی بلوچستان میں شدید برفباری کے باعث کوژک ٹاپ کے 20 کلومیٹرطویل پہاڑی راستوں پرہزاروں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔سخت سردی میں ایک خاتون مسافربھی جاں بحق ہوگئی۔ شدید برفباری کے باعث کوئٹہ چمن قومی شاہراہ آج چھٹے روز بھی بندہے جس کی وجہ سے چمن کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔ کوژک ٹاپ پر 20 کلو میٹر پہاڑی راستوں پر تقر یبا دو ہزار گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ شیلاباغ کے قریب پھنسی ایک گاڑی میں شدید سردی سے معمر خاتون جان بحق ہوگئی۔ڈرائیوروں نے الزام عائد کیاہے کہ شیلاباغ چیک پوسٹ پر تعینات عملہ فی ٹرک ایک ہزار روپے لیکر اشیاء خوردنوش سے بھرے ٹرکوں کو جانے کی اجازت دے رہے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیاہے کہ اب تک پہاڑی راستوں پر پھنسی گاڑیوں کو نکالنے کے لئے لیویز ،ایف سی اور متعلقہ حکام نہیں پہنچ پائے ہیں۔آمدروفت بند ہونے سے چمن شہر میں کھانے پینے کی اشیا اور ایندھن کی قلت پیدا ہوگئی ہے جس سے قیمتوں میں سوفیصداضافہ ہوگیا ہے۔