پاکستان
13 مئی ، 2012

جوزفین، عزم و ہمت کی مثال ماں

جوزفین، عزم و ہمت کی مثال ماں

راولپنڈی…ملک خداداد پاکستان میں ایسی بہادر ماوٴں کی کمی نہیں جنہوں نے اپنے عزم و ہمت سے غربت کے اندھیاروں کو خوش حالی کے سویروں میں بدل دیا۔ ایک ہی ایک بہادر ماں راولپنڈی کی جوزفین ہے،جس نے حالات کی تلخی کے سامنے سر نہیں جھکایا بلکہ جہد مسلسل اور عزم کی طاقت سے اپنے خاندان کی زندگی کی گاڑی کو رواں دواں رکھا۔ زرغون شاہ کی رپورٹ کے مطابق سولہ سال قبل جب جوزفین کے چار سالہ بیٹے میکائیل کو وین ڈرائیور نے فیس لیٹ ہونے کی وجہ سے بیچ سڑک اتاردیاتو جوزفین نے خود وین چلانے کی ٹھان لی۔ جوزفین نے سارے کام ہی سنبھال رکھے ہیں۔بچوں کواسکول چھوڑنے کے بعدگھروالوں کیلئے ناشتہ بھی خودبناتی ہے۔وہ جانتی ہے کہ اہل خانہ کی خواہشوں کی پیاس کاوشوں کے پانیوں سے ہی بجھائی جاسکتی ہے۔جوزفین رب کی شکر گزار ہے جس نے اسے خاوند کی بیروزگاری کے دوران حالات کامقابلہ کرنیکی ہمت دی۔جوزفین کاسفرجاری ہے۔ گھر کا کام تمام ہوا تو وہ بچوں کواسکول سے لینے کیلئے چل پڑتی ہے۔آڑی ترچھی، اونچی نیچی گلیوں میں وین چلانا اس کامعمول ہے۔ جوزفین وین میں بیٹھے18بچوں کاخیال ایک ماں کی طرح رکھتی ہے۔کسی بھی مرد ڈرائیور کی طرح وین چلانی والی، بیگز رکھنے، اٹھانے اور ہنسنے ہنسانے والی جوزفین نے دکھ کی تپتی دوپہروں کو سکھ کی ٹھنڈی چھاوٴں میں بدل دیا ہے۔

مزید خبریں :