25 جون ، 2015
کولمبو ...... پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بیٹسمین ’’شیرمردان‘‘ یونس خان نے ٹیسٹ میچوں کی سنچری مکمل کرلی۔سری لنکا کے خلاف کولمبو میں کھیلا جانے والا ٹیسٹ یونس خان کے کیریئر کا 100واں ٹیسٹ ہے۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پانچویں پاکستانی پلیئر بن گئے ہیں اور جاوید میانداد، انضمام الحق، وسیم اکرم اور سلیم ملک کی صف میں شامل ہو گئے۔ انہیں پاکستان کا سب سے کامیاب بیٹسمین بننے اور میانداد کا ریکارڈ توڑنے کیلئے صرف 238رنز اور پاکستان کی تاریخ میں9 ہزار رنز بنانے والاپہلا بیٹسمین بننے کیلئے صرف 406رنز درکار ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ کیریئر میں اب تک 29سنچریز اور اتنی ہی نصف سنچریزاسکور کی ہیں۔ اس وقت پاکستان کیلئے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز 8832رنز کے ساتھ جاوید میانداد کے پاس ہے، انہوں نے 124 ٹیسٹ کھیلے تھے۔ دوسرے نمبر پر 119 ٹیسٹ میچز میں 8829رنز کے ساتھ انضمام الحق ہیں۔ یونس خان نے 26فروری 2000میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ جس میں انہوں نے سنچری اسکور کر کے اپنی آمد کا اعلان کیا تھا۔ انہیں پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ میچز میں زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ یونس کیریئر کے ابتدائی 99ٹیسٹ میچز میں زیادہ رنز بنانے والے دنیا کے دوسرے بیٹسمین ہیں۔ انہوں نے 15 سالہ کیریئر کے دوران 53اعشاریہ71 رنز کی اوسط سے8594 رنز بنا رکھے ہیں۔ برائن لارا 8833 رنز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، یونس خان نے کیریئر کے ابتدائی 33 میچز میں 2087رنز بنائے جس میں چھ سنچریاں اور دس نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ آخری 66میچز میں انہوں نے 6507رنز23 سنچریز اور19نصف سنچریز کی مدد سے اسکور کیےہیں۔ انہوں نے اب تک مجموعی طور پر 29سنچریاں اور 29نصف سنچریاں بنا رکھی ہیں۔ خان ٹیسٹ میچ میں ٹرپل سنچری بنانے والے تیسرے پاکستانی ہیں، انہوں نے پانچ ڈبل سنچریاں بھی بنا رکھی ہیں، ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور 313 رنز ہے۔ انہیں پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ میچ میں سو سے زائد کیچز پکڑنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔