پاکستان
01 جولائی ، 2015

چین اور پاکستان کے میری ٹائم تعلقات بھارت کے لئے تشویش کا باعث نہیں

چین اور پاکستان کے میری ٹائم تعلقات بھارت کے لئے تشویش کا باعث نہیں

کراچی.........رفیق مانگٹ.........بھارتی اخبار ’’ٹائمز آف انڈیا‘‘ کے مطابق بھارت کے48 جنگی بحری جہاز زیر تعمیر ہیں۔ چین اور پاکستان کے میری ٹائم تعلقات بھارت کے لئے تشویش کا باعث نہیں۔ اخبار کے مطابق بھارتی بحریہ کے وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل پی مروجیسن نے کلکتہ میں کہا کہ بھارت کو اس پر کوئی تشویش نہیں کہ چین کی آبدوز نے کراچی پورٹ کا سفر کیا، ہم بحر ہند کے علاقے کی بہت باریکی سے مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور ایسی تمام سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بھارت کے شپ یارڈز میں48 بحری جہاز تعمیر کے مختلف مراحل میں ہیں۔ اس میں ایک طیارہ بردار جہاز، آبدوز اور چھوٹے فاسٹ اٹیک کرافٹFAC شامل ہیں۔ اس علاقے میں کوئی بھی ملک اپنے طور پر طیارہ بردار جہاز کی تعمیر کے قابل نہیں ہے۔ انہوں نے اس کی بھی یقین دہانی کرائی کہ بھارتی بحریہ کے پاس ملک کی خود مختاری کے لئے کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کی کافی صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی غیر ملکی جنگی بحری جہاز کا کسی دوسرے ملک میں جانا بھارت کے لئے فکرمندی کا باعث کیوں ہو۔ فوج اور فضائیہ کے برعکس، تمام ممالک کی بحری افواج ایک سفارتی کردار ادا کرتی ہیں۔ یہاں تک کہ ہمارے جنگی بحری جہاز دوست ممالک کے پانیوں میں سفر کرتے اور ان کی بندرگاہوں پر جاتے ہیں، تاہم ہم بحر ہند کے علاقے آئی او آر میں تمام ایسی تحریکوں کی نگرانی اور مناسب احتیاطی اقدامات کر رہے۔ اخبار کے مطابق جب ان سے پاکستان کی طرف سے بحری صلاحیتوں کو بڑھانے کے منصوبوں کے بارے پوچھا گیا، تو وائس ایڈمرل نے کہا کہ بھارت کسی بھی طرح سے پیچھے نہیں رہے گا۔ وائس ایڈمرل نے کہا کہ کلکتہ کے گارڈن ریچ شپ بلڈرز اینڈ انجینئرنگ کا اہم کردار ہے۔ بحریہ بھارت کی معاشی مفادات کی حفاظت کے لئے کوشش کر رہی ہے۔ بحریہ کی ترقی کے لئے فنڈز الاٹ کیے جارہے ہیں۔ چین اور پاکستان کے درمیان تعلقات ہمارے لئے تشویش کی بات نہیں کسی ایک بندرگاہ پر ایک جنگی جہاز کا جانا مسئلہ نہیں۔ ہم بھارت کی سمندری حدود کی دیکھ بھال کرنے کے لئے کافی مضبوط ہیں، مستقبل میں کیا ہو سکتا ہے، اس کا تجزیہ کرتے رہتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کراچی کی بندرگاہ پر چینی آبدوز کا حالیہ واقعہ کوئی پہلا نہیں۔ ستمبر2014 میں کولمبو انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر چینی آبدوز پہنچی۔ نومبر میں آبدوز خلیج عدن سے کولمبو میں واپس آئی۔ اس سے قبل2014 میں، ایک چینی ایٹمی آبدوز بحر ہند میں گشت پر تھی۔

مزید خبریں :