10 جولائی ، 2015
کراچی......کراچی اور لاہور کے علاوہ ملک کے دوسرے شہروں میں بھی ماتمی جلوس نکالے گئے۔ روہڑی سندھ میں یوم حضرت علی کا ماتمی جلوس امام بارگاہ شاہ نجف سے برآمد ہوا اوربعد نمازِمغرب کوٹ میر یعقوب علی شاہ پہنچ کر ختم ہوا۔میرپورخاص میں مرکزی جلوس امام بارگاہ بارہ امام سے برآمد ہوا۔ ٹنڈومحمد خان میں مرکزی جلوس پیر محلہ سے برآمد ہوا۔ حیدرآباد،بدین،نواب شاہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں یوم علی کی مناسبت سے جلوس نکالے گئے اورشیر خدا کی قربانیوں کو یادکیاگیا۔ گوجرانوالہ میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ کلر آبادی سے برآمدہوا۔ بھکر میں امام بارگاہ مہاجرین سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس اسی مقام پر پہنچ کرختم ہوا۔ ملتان میں امام بارگاہ کاشانِ حیدریہ سے برآمد ہونے والا جلوس مقررہ راستوں سے گزرتاہوا امام بارگاہ کاشانِ شبیر، لعل کرُتی پہنچ کر ختم ہوا۔ سرگودھا کی امام بارگاہوں میں یومِ علی کے موقع پر مجالس کا اہتمام کیا گیا۔ جھنگ، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ اور فیصل آباد سمیت پنجاب بھرمیں آج یوم علی عقیدت واحترام سے منایاگیا۔ قبائلی علاقے پاراچنار میں تین سو سے زائد امام بارگاہوں میں عزاداری کی مجالس ہوئیں۔ کرم ایجنسی ميں سرکاری طورپر ایک روزہ تعطیل تھی۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یومِ علی کی مناسبت سے جلوس نکالےگئے اورمجالس منعقد ہوئیں۔ اس موقع پر سیکیورٹی کےسخت انتظامات کیےگئے تھے۔ جلوس کی گذرگاہوں پر دکانیں اور بازار سیل رہے اور ہر شخص کو تلاشی کے بعد جلوس میں شامل ہونے کی اجازت دی گئی۔