پاکستان
10 جولائی ، 2015

نواز شریف اور نریندر مودی کی دو ملاقاتیں ہو چکی ہیں

نواز شریف اور نریندر مودی کی دو ملاقاتیں ہو چکی ہیں

کراچی.......وزیراعظم نواز شریف اور نریندر مودی کے درمیان اس سے پہلے دو ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ بھارت میں وفاقی سطح پر بی جے پی کی سرکار بنی تو نریندر مودی نے اپنی تقریبِ حلف برداری میں سارک ملکوں کے سربراہان کو بھی مدعو کیا۔ وزیراعظم نواز شریف اس موقع پر تمام تر اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے نئی دہلی گئے۔ مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی اور مودی سے گرم جوش مصافحے کے بعد ان سے ملاقات بھی کی۔ 27مئی کو ہونے والی اس ملاقات میں دونوں ملکوں نے باہمی مذاکرات پھر سے شروع کرنے پر اتفاق کیا، لیکن پھر مودی سرکار نے حیلے بہانے سے یہ مجوزہ مذاکرات ختم کر دیے۔ اس کے ساتھ ہی مودی سرکار نے آزاد کشمیر پر کنٹرول لائن اور پنجاب کے ساتھ لگنے والی ورکنگ باؤنڈری پر اندھا دھند فائرنگ اور گولہ باری شروع کرا دی جس نے مودی سرکار کے عزائم کا پردہ فاش کر کے رکھ دیا۔ اس کے بعد ستمبر 2014ء میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر دونوں رہنما نیویارک میں اکٹھے ہوئے مگر دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے سبب ان کی ملاقات نہ ہو سکی، نومبر 2014ء میں کھٹمنڈو میں سارک کانفرنس ہوئی تو نواز شریف اور مودی دو روز تک ایک دوسرے سے نظریں چراتے رہے، مگر کانفرنس کے اختتام پر دونوں نے مصافحہ کیا اور ہنستے مسکراتے ہوئے آپس میں ایک دو باتیں کیں، تاہم بی جے پی کی پالیسیوں اور جارحانہ اقدامات کے باعث دونوں ملکوں کے تعلقات پر جمی برف نہ پگھل سکی۔

مزید خبریں :