پاکستان
12 جولائی ، 2015

بیش تر دریاؤں میں نچلے اور درمیانے درجے کے سیلاب

بیش تر دریاؤں میں نچلے اور درمیانے درجے کے سیلاب

لاہور......دریائےسندھ میں تونسہ کےمقام پر پانی کی سطح بلند ہونےسے غوث آباد کے علاقے میں فصلوں کو نقصان پہنچا ہے،بالائی علاقوں سے بہہ کر آنیوالا ریلا داخل ہونے کے بعد گڈو بیراج میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے چناب میں ہیڈ محمد والا کے مقام پر ممکنہ سیلابی تباہ کاریوں سے بچنے کیلئے انتظامات جاری ہیں۔فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح پندرہ سو بارہ اعشاریہ 5 فٹ رکارڈ کی گئی، ڈیم میں پانی کی آمد 3 لاکھ 12 ہزارکیوسک اور اخراج 2 لاکھ 73 ہزار200 کیوسک ہے۔ منگلاڈیم میں پانی کی سطح بارہ سو تیس اعشاریہ 8 فٹ رکارڈکی گئی۔ یہاں پانی کی آمد 69 ہزار 774 جبکہ اخراج 60 ہزار کیوسک رکارڈ کیا جارہا ہے۔دریائے راوی میں جسڑ اور دریائےستلج میں گنڈاسنگھ والا کے مقام پر بھی نچلےدرجےکاسیلاب رکارڈکیاگیا۔ دریائے چناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ہیڈمحمدوالا کے مقام پر ممکنہ سیلابی تباہ کاریوں سے بچنے کیلئے انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر سیلابی صورتحال پیداہوئی توپانی کوآبادیوں میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی سڑک کےایک حصے کو دھماکا خیز مواد سے تباہ کرکے پانی کا رخ تبدیل کیا جائے گا، تاہم فی الحال کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے۔ دریائےکابل میں نوشہرہ اور ورسک کےمقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ پی ڈی ایم اےکےمطابق آج صبح دریائے کابل میں نوشہرہ کےمقام پر پانی کابہاؤ89 ہزار300 کیوسک جبکہ ورسک کےمقام سے اخراج 49 ہزار 338 کیوسک رکارڈ کیا گیا۔سکھربیراج کے کنٹرول روم انچارج عبدالعزیزسومروکے مطابق بالائی علاقوں سے بہہ کر آنیوالا سیلابی ریلا گدو بیراج میں داخل ہونے کے بعد اس وقت نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ آئندہ6روزتک پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہوگا۔ دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے سے غوث آباد کے علاقے میں فصلوں کو نقصان پہنچا ہے،فلڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق تونسہ کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد ایک لاکھ 96ہزار 85 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 78 ہزار ایک سو 80 کیوسک رکارڈ کیاگیا۔

مزید خبریں :