12 جولائی ، 2015
کراچی......اپیکس کمیٹی سندھ کے اجلاس میں دہشت گردوں ، ان کی مالی مالی معاونت کرنےوالوں اور کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ زبردستی فطرہ وصول نہیں کرنے دیا جائے گا، پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی سے رینجرز کے اختیارات میں مزید اضافہ کرے گی۔ اپیکس کمیٹی سندھ کا اجلاس وزیر اعلیٰ ہائوس کراچی میں سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت ہوا جس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، صوبائی وزرا ،کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر، آئی جی سندھ ، سیکریٹری داخلہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ شرکا کو نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے متعلق حکومت سندھ کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ قومی ایکشن پلان پرعملدرآمدمیں سستی سےجرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی متاثرہورہی ہے۔بعد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ اجلاس کے دوران دہشت گردوں، ان کی مالی معاونت کرنے اور سہولت کاروں کے خلاف آپریشن جاری رکھنےکے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ زبردستی فطرہ اور بھتا لینے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ اسمبلی سے رینجرز کے اختیارات میں اضافہ کیا جائے گا۔شرجیل میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی کورکمانڈر سے ملاقات میں آپریشن ضرب عضب پر بات ہوئی۔ اجلاس کے دوران سیکریٹری داخلہ سندھ کی سربراہی میں ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس میں رینجرز اور پولیس کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ شرجیل میمن نے دعویٰ کیا کہ سندھ میں جرائم کی شرح تینوں صوبوں سے کم ہے۔