04 اگست ، 2015
کراچی......ملک میں سیاسی عدم استحکام اوردہشت گردی سمیت تمام مبینہ بحران ہمارے حکمرانوں کے اپنے پیدا کردہ ہیں۔ملک میں سرگرم تکفیری گروہوں اور عسکری لشکروں کو مختلف حکومتوں نے اپنے مقاصد کے حصول کے لیے پروان چڑھایا اور پھر یہی مذموم عناصر ملک دشمن بیرونی طاقتوں کے اشاروں پر وطن عزیزکی تباہی و بربادی کا باعث بنے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مہدی عابدی نے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات علی احمر زیدی ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات آصف صفوی اور دیگر بھی موجود تھے ۔مہدی عابدی نے کہا کہ مسالک کے نام پر ہمیں ٹکروں میں تقسیم کیا گیا تاکہ پاکستان کے باوفا باسی ایک قوم کی شکل میں یکجا نہ ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایشیائی ریاستوں کو متحد ہو کر سعی کرنا ہوگی۔عالمی دہشت گرد تنظیم داعش دراصل طالبان کا جدید ورژن ہے جسے اضافی خوبیوں کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔ ان اسلام دشمن طاقتوں کو پنپنے کا موقع نہ دیا جائے جومذہب کا لبادہ اوڑھ کر دین اسلام کی تصویر ایک دہشت ناک مذہب کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔تاکہ اقوام عالم کے سامنے اسلام کے تشخص کو تباہ کیا جا سکے۔انھوں نے کہا کہ پنجاب حکومت شیعوں اور سنیوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا چھوڑ دے۔اس طرح گلگت بلتستان میں مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں کے خلاف ملک دشمن سرگرمیوں جیسے سنگین الزامات کے تحت جعلی مقدمے بنائے جا رہے ہیں جو سراسر زیادتی، تعصب اور غیر آئینی ہے۔ ہم اس انتقامی کاروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سید عارف حسینی شیعہ سنی وحدت کے داعی تھے۔ انہیں استعماری طاقتوں نے سازش کر کے شہید کرا دیا۔ قوم کے اس باوفا بیٹے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ۹ اگست کو شہید حسینی کی ستائیسویں برسی اسلام آباد میں منائی جا رہی ہے۔جس میں ملک کے تمام شہد ا کو سلام پیش کیا جائے گا۔