06 اگست ، 2015
کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے کراچی میں کارکنوں کی گمشدگی اور گرفتاریوں کا نوٹس لینے کے لیے مختلف ممالک کی ہائی کمیشن کو لکھے گئے خط میں ان ممالک سے نوٹس لینے اور کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے حوالے سے صرف بھارت نہیں بلکہ کئی ممالک کے سفارتخانوں کو خط لکھنا معمول کی کارروائی ہے۔ایم کیو ایم کی جانب سے دنیا کے 55 ممالک کو خطوط لکھے گئے ہیں، یہ ایم کیو ایم کا حق ہے کہ وہ اپنی آواز دنیا بھر میں بلند کرے،خطوط تو امریکا، برطانیہ، چین، جاپان، آسٹریلیا اور عرب ریاستوں کو بھی لکھے گئے ہیں۔ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق صرف بھارت کو لکھا گیا خط سامنے لانا بدنیتی پر مبنی اقدام ہےاورایم کیو ایم نے 29 جولائی کو گرفتار کیے گئے 4 کارکنوں کی بازیابی پر خطوط لکھے ہیں ،خط میں ولید کمال، شایان رحمان، سعد ہاشمی اور اسد رضا کی گرفتاری کا ذکر ہے،چاروں کارکنوں کو شادی میں شرکت کیلئے کراچی سے حیدرآباد جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔لکھےگئےخط میں تمام ممالک کے سفیروں سے معاملے کا نوٹس لینے اور آواز بلند کرنے کی اپیل کی گئی ہے،خطوط پر عارف خان ایڈووکیٹ،عبدالقادر خانزادہ اور شبیر قائم خانی کے دستخط ہیں۔