پاکستان
06 اگست ، 2015

شہید عارف الحسینی ،شیعہ سنی اخوت کے داعی تھے،علامہ احمد

کراچی.......مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال نے کہا ہے کہ شیعہ سنی وحدت ہی ملکی استحکام اور سا لمیت کی ضامن ہے۔یہ دونوں پاکستان کی وہ پُرامن طاقتیں ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کی سربلندی اور تحفظ کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔جو قوتیں قیامِ پاکستان سے قبل ارض پاک کی مخالف تھیں آج انہی کے نظریات کو بنیاد بنا کرملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔علامہ عارف حسین الحسینی کی برسی کی مناسبت سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کی فکری تربیت کے ادارے ملک دشمن سرگرمیوں میں مصروف ہیں، شیعہ سنی اتحاد و یگانگت کے ہتھیار سے انہیں شکست دینا ہو گی۔ شہید قائد عارف حسین الحسینی ملک میں شیعہ سنی اخوت کے داعی تھے، انہیں صیہونی و نصرانی طاقتوں نے اپنے گماشتوں کے ذریعے اپنے مفادات کی تکمیل کے لیے شہید کروا دیا۔آج وہی یہود و نصاری پاکستان میں طالبان و داعش کی سرپرستی کر رہے ہیں تا کہ ملک میں بد امنی پھیلا کر اپنے مذموم مقاصد کو پروان چڑھا سکیں،شہید حسینی کی تعلیمات کو مشعل راہ بنا کر ان عناصر کوناکام بنانا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے اس برسی کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔نو اگست کو ملک بھر سے شیعہ سنی علما کی بڑی تعداد کے علاوہ ایک لاکھ سے زائد افرادکی آمد متوقع ہے۔

مزید خبریں :