09 اگست ، 2015
ملتان ......ملتان میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ڈاکو مارے گئے جبکہ 2 فرار ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں تھانہ راجہ رام کی حدود کے علاقہ شاہ پور میں آج صبح پولیس اور بلوچ گینگ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہو گیا جو ایک گھنٹے تک جاری رہا ۔ فائرنگ کے تبادلہ میں بلوچ گینگ سے تعلق رکھنے والے 2 ڈاکو عامر بلوچ اور محمد بلوچ موقع پر مارے گئے جبکہ جام ارشاد نامی ڈاکو اپنے ساتھی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔ پولیس نے فرار ڈاکوؤں کو حراست میں لینے کے لئے علاقہ کی ناکہ بندی کر دی ہے ۔ فرار ڈاکو جام ارشاد کے سر کی قیمت اڑھائی لاکھ روپے مقرر تھی ۔ دوسری جانب پولیس نے ہلاک ڈاکوؤں کی لاشیں نشتر اسپتال پوسٹ مارٹم کے لئے منتقل کر دی ہیں ۔