Time 24 جون ، 2025
انٹرٹینمنٹ

اداکار ثمر جعفری نے لیونل میسی سے متعلق دلچسپ قصہ سنادیا

اداکار ثمر جعفری نے لیونل میسی سے متعلق دلچسپ قصہ سنادیا
ثمر نے ابوالحسن سے پہلی ملاقات کے بارے میں اپنے دلچسپ تجربات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اور ابو الحسن کی پہلی ملاقات زیادہ خوشگوارنہیں تھی—فوٹو: فائل

پاکستان کے ابھرتے ہوئے اداکار و گلوکار ثمر جعفری نے ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی سے متعلق دلچسپ قصہ سنادیا۔

ثمر جعفری نے حال ہی میں جیو پوڈکاسٹ میں شرکت کی جس میں انہوں نے کیرئیر سے لے کر اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے بات چیت کی۔

اداکار و گلوکار نے بتایا کہ گزشتہ برس 2024 میں انہوں نے تین کام سوچے تھے جو 2025 میں لازمی کرنا تھے اور خوش قسمتی سے  تینوں کام پورے ہوچکے ہیں جس میں سے ایک کوئی ایسا ڈرامہ کرنا تھا جس میں یوتھ کو مثبت پیغام جائے اور یہ ہوگیا۔

ثمر نے کہا کہ دوسری میری خواہش تھی کہ میرا گانا اسٹریمنگ پلیٹ فارم کے ٹاپ گانوں میں آئے اور یہ بھی ہوگیا جب کہ تیسرے نمبر پر میں نے دوست سے کہا تھا کہ امریکا جاکر لیونل میسی کو دیکھ کر آؤں گا اور یہ بھی پورا ہوگیا حالانکہ اس وقت نہ میرا ویزا لگا تھا اور نہ کوئی ارادہ تھا۔

اداکار نے بتایا میں، میسی کا بہت بڑا مداح ہوں، گھر والوں کے ساتھ امریکا اسی مقصد کے تحت گیا تھا کہ مجھے میسی سے ملاقات کرنی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایک میچ دیکھنے میں گراؤنڈ میں گیا، مجھے شاندار وی آئی پی سیٹ ملی، میرے بالکل سامنے میسی کھیل رہا تھا، گراؤنڈ میں داخل ہوتے ہی میسی سامنے سے وارم اپ کے لیے بھاگتا ہوا آیا، میں وہیں رُک گیا، میں تقریباً رونے والا تھا کیونکہ میں بچپن سے میسی کا مداح ہوں۔

ثمر نے کہا کہ جب میسی فٹبال ورلڈکپ کے فاتح بنے تو اس وقت میں نے وہ میچ اسلام آباد میں دیکھا تھا اور میسی کی ٹیم کے جیتنے پر میں خود رو دیا تھا۔

ابو الحسن نے پہلی ملاقات میں مجھے جھڑک دیا تھا : ثمر جعفری

ثمر نے ابوالحسن سے پہلی ملاقات کے بارے میں اپنے دلچسپ تجربات شیئر کرتے ہوئے  کہا کہ میری اور ابو الحسن کی پہلی ملاقات زیادہ خوشگوارنہیں تھی۔

اداکار نے کہا کہ میں ایک مشترکہ دوست کے ذریعے ان سے ملا تھا، اس دن ابو الحسن کا مزاج خاصا بگڑا ہوا تھا، اس لیے انہوں نے بغیر کسی تکلف کے مجھے جھڑک دیا۔

ثمر جعفری کا کہنا تھا کہ اس وجہ سے میرے ذہن میں ابوالحسن کا امیج بن گیا کہ وہ ایک تلخ مزاج انسان ہیں لیکن جب کچھ دنوں بعد میں اور ابو الحسن فہد مصطفیٰ کے دفتر میں دوبارہ ملے تو اس ملاقات کے دوران ابو الحسن کی شخصیت کا ایک بالکل مختلف پہلو سامنے آیا جس نے مجھے اپنی رائے بدلنے پر مجبور کردیا۔

ثمر نے کہا کہ ابو الحسن کی شخصیت نرم، دوستانہ اور خوش مزاج تھی اور یہیں سے ہماری دوستی کا آغاز ہوا اور دونوں کی کیمسٹری ڈرامہ پرورِش میں بخوبی دکھائی دے رہی ہے۔

مزید خبریں :