09 اگست ، 2015
راجن پور.......دریائے سندھ میں راجن پورکے مقام پرپانی کی سطح میں کمی ہورہی ہے، جامشورو کے قریب انٹر پور بند ٹوٹ گیا،خیرپورکے مقام پراونچے درجے کاسیلاب ہے، جبکہ گھوٹکی میں حفاظتی بند ٹوٹنےسے کئی دیہات زیر آب آگئے۔ دریائےسندھ میں خیرپورکے مقام پراونچےدرجے کےسیلاب کےباعث حفاظتی بندوں پر دباؤ بڑھ رہاہے،کچے کےعلاقوں گڑھی پٹھان،فرید آباد،صادق کلہوڑو،کھرل آباد سمیت کئی دیہات سیلابی پانی میں گھرگئے ہیںجبکہ ایس ایم سگیوں بند کا کٹاؤ بند کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ دریائے سندھ کوٹری کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ضلع جامشورو کے قریب انٹر پور بند ٹوٹ گیا جس کے باعث درجنوں دیہات زیرآب آگئے۔لوگوں نے گھروں کی چھتوں اور درختوں پر پناہ لے رکھی ہے۔ سیلاب کے باعث سحرش نگر،قاسم آباداور لطیف آباد بچاؤ بند کے کچے کے علاقے ڈوب گئے۔ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کے مطابق 250 افراد کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کردیاگیا ہے۔ گھوٹکی میں گاؤں بنڈھن کاحفاظتی بندسیلابی پانی کے دباؤ سے ٹوٹ گیا، جس سے کئی دیہات زیرآب آگئے اورمتاثرہ علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔دریائے سندھ میں پانی کا بہائو بڑھنے اورسست اخراج کی وجہ سے گڈو بیراج میں قائم 9 حفاظتی بندوں پر پانی کادبائو بڑھ رہا ہے، کے کے حفاظتی بندمیں 14اور11میل کےمقام پررساؤشروع ہوگیا ہے۔سیلابی پانی نےکئی خاندانوں کوبے گھر کردیا، مال واسباب بہہ جانے سے متاثرین پریشان ہیں۔ دریائےسندھ میں کوٹ مٹھن کےمقام پرپانی کی سطح میں کمی ہونےکےبعدکوٹ مٹھن شہرمیں سیلاب کا خطرہ ٹل گیا ہے،دوسری جانب رودکوہی کاسیلاب قصبہ نور پورکےچاروں اطراف پھیل گیاہےاورنورپورکےمکین محصورہوکررہ گئےہیں۔