Time 24 جون ، 2025
کھیل

بھارتی کرکٹر اور سابق عالمی چیمپئن کا مایوس ہوکر ممبئی چھوڑنے کا فیصلہ

بھارتی کرکٹر اور سابق عالمی چیمپئن کا مایوس ہوکر ممبئی چھوڑنے کا فیصلہ
پرتھوی شا نے اگلے ڈومیسٹک سیزن سے قبل ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن سے علیحدگی اختیار کرنے کیلئے این او سی طلب کیا تھا/ فائل فوٹو

ممبئی  سے تعلق رکھنے والے سابق انڈر 19عالمی چیمپئن کپتان پرتھوی شا نے ناقص فٹنس کی بنیاد پر ڈراپ کیے جانے اور نجی  ٹرافی ایونٹ کیلئے پک نہ کرنے پر شہر چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتھوی شا نے اگلے ڈومیسٹک سیزن سے قبل ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن (ایم سی اے)  سے علیحدگی اختیار کرنے کیلئے این او سی طلب کیا تھا۔

ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کو لکھے گئے خط میں پرتھوی نے مؤقف اپنایا تھا کہ’ کیرئیر کے اس موڑ پر، مجھے ایک دوسری ایسوسی ایشن کے تحت پیشہ ورانہ کرکٹ کھیلنے کا موقع دیا جارہا ہے جو بطور کرکٹر میری کیرئیر کی ترقی ثابت ہوسکتا ہے‘۔

خط میں پرتھوی شا نے ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ ( این او سی ) جاری کیے جانے کی درخواست کی تھی اور این او سی جاری کیے جانے کے بعد پرتھوی شاہ نے ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔

دوسری جانب ایم سی اے کے سیکرٹری ابھے ہڈپ  بھی پرتھوی کو  این او سی دیے جانے کے بورڈ کے فیصلے کی تصدیق کرچکے ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کا بتانا ہے کہ پرتھوی شا اب مہاراشٹرا کی ٹیم میں شمولیت اختیار کریں گے۔

واضح رہے کہ 25سالہ  پرتھوی شا کو ناقص  فٹنس اور نظم و ضبط میں  کمی کے باعث  گزشتہ برس  ’ممبئی رنجی ٹرافی ‘کی ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔

ٹرینر نے ان کے جسم میں 35 فیصد سے زائد چربی بتائی تھی جس کے بعد پرتھوی کی ٹیم میں واپسی کو فٹنس سے مشروط کردیا گیا تھا۔

بعد ازاں   پرتھوی شا  کو آئی پی ایل 2025 کی  میگا نیلامی میں بھی فروخت نہیں کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :