14 اگست ، 2015
راولپنڈی.......آئی ڈی پیز سے اظہار یکجہتی کے لیے راولپنڈی میں کھیلے جانے والے نمائشی میچ میں آرمی الیون نے پاکستان الیون کو دلچسپ مقابلے کے بعد چھ وکٹ سے ہرادیا، میچ کے مہمان خصوصی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف تھے۔کہنے کو تو کرکٹ میچ لیکن در اصل یہ پاک وطن کی عظمت کو زندہ دل قوم کی جانب سے سلام تھا۔اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف بطور مہمان خصوصی پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم تشریف لائے اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کی گیند پر زور دار ہٹ لگا کر میچ کا باقاعدہ آغاز کیا۔پاکستان الیون کی قیادت ٹیسٹ کپتان مصباح الحق اور آرمی الیون کی قیادت شاہد آفریدی کررہے تھے، پاکستان الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آرمی کے بولرز کی ابتدائی اوورز میں خوب پٹائی کی۔اس کے بعد آرمی الیون کے بیٹسمینوں نے بھی شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور مطلوبہ ہدف چار وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا، آرمی الیون کے بیٹسمین نے احمد شہزاد کی گیند پر ایک بلند و بالا چھکے کے ذریعے میچ ختم کیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نےٹیم کو داد دی۔ میچ کے اختتام پر آرمی چیف نے کرکٹرز کو انعامات دیئے، وننگ ٹرافی آرمی الیون کو پیش کی گئی۔تقریب کے اختتام پر جنرل راحیل شریف کو اسپانسر ادارے کی جانب سے روایتی پگڑی بھی پہنائی گئی۔