17 اگست ، 2015
سینچورین.........جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری 2میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں مہمان کیوی ٹیم نے پروٹیز کو 32رنز سے شکست دے دی ہے اور اس کے ساتھ 2میچوں کی سیریز بھی 1۔1 سے برابر ہوگئی ہے۔ میچ میں کیوی ٹیم نے ٹاس جیت پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تو مارٹن گپٹل کی برق رفتار60 رنز کے ذریعے کیویز ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 177رنز اسکور کیے، جبکہ پروٹیز بولرز کی جانب سے کاگیسو رابادا نے 3وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم 178رنز کے ہدف کے تعاقب میں ابتداء ہی سے مشکلات کا شکار نظر آئی اور مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 145رنز اسکور کر سکی، ٹیم کی جانب سے فرہان بہاردین 36رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کیویز بولرز کی جانب سے نیتھن مکولم، مچل مکلیناگہن اور اش سودھی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی20سیریز کے ختم ہونے کے بعد اب 3ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی اور پہلا میچ 19اگست کو اسی گرائونڈ یعنی سینچورین میں کھیلا جائے گا۔