20 اگست ، 2015
لاہور......تحر یک انصاف پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمدسرور نے پنجاب میں مر حلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کومسترد کردیا، ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات بائیو میٹرک سسٹم کے تحت اور رینجرزکی نگرانی میں کرائے جائیں ، تحریک انصاف پنجاب کے آرگنائزر پنجاب چوہدری محمد سرور نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر اپنے رد عمل میں کہا کہ پنجاب میں مر حلہ وار بلدیاتی انتخابات دھاندلی منصوبے کا آغاز ہے، بلدیاتی انتخابات مختلف ڈویژن کے چند اضلاع کے بجائے تین تین ڈویژنوں میں ایک ساتھ ہونے چاہئیں، ان کا کہنا تھاکہ حکمرانوں کو اختیارات پر ”سانپ “بن کر بیٹھنے کی اجازت نہیں دیں گے، بلدیاتی انتخابات پنجاب کی بیورو کریسی کی نگرا نی میں شفاف نہیں ہوسکتے، اس کیلئے رینجرز کو پو لنگ اسٹیشز کے اندر اور باہر تعینات کرنا ہو گا،چوہدری سرور کاکہنا تھا کہ کسی جماعت سے زبردستی لوگوں کو پی ٹی آئی میں شامل نہیں کیا جارہا،نظر یاتی اور اصولی سیاست کی وجہ سے لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں۔