20 اگست ، 2015
بارسلونا.....شفقت علی رضا.....اسپین کی معروف سماجی اور کاروباری شخصیت چوہدری امتیاز لوراں کی قیادت میں ایک وفدنے پاکستانی کمیونٹی اسپین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے سابق وزیر اعظم پاکستان چوہدری شجاعت حسین سے اسلام آباد میں اور گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔اس ملاقات میں چوہدری امتیاز لوراں نے گورنر پنجاب سے درخواست کی کہ وہ اسپین میں پاکستانی بینک کے قیام کے لئے اقدامات کریں ،پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن کی پاکستان سے بارسلونا کے لئے بند کی جانے والی ڈائریکٹ فلائٹ کو دوبارہ بحال کیا جائے،اور جلد از جلد پاکستان سے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا کے لئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ مشینری ایکسپرٹ کی تعیناتی عمل میں لائی جائے۔ وفد نے چوہدری شجاعت سے کہا کہ بارسلونا میں قونصلیٹ جنرل کا قیام اور پی آئی اے کی ڈائریکٹ فلائٹ آپ کی کوششوں کا نتیجہ تھی اس لئے آپ بھی حکومت پاکستان سے بات کریں اور اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل میں مدد فرمائیں ،اس کے جواب میں گورنر پنجاب اور چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ہم پہلی ہی فرصت میں اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے ضرورکوشش کریں گے اور وزیر اعظم پاکستان سے مل کر تمام معاملات گوش گزار کئے جائیں گے کیونکہ اوورسیز پاکستانی وطن کا سرمایہ ہیں زرمبادلہ کی صورت میں پاکستان کے خزانے کو سیراب کرتے ہیں۔اسپین سے جانے والے وفد میں چوہدری پرویز لوہسر، صمصام لوراں ، عثمان لوراں اور دوسرے احباب شامل تھے۔