Time 21 مارچ ، 2025
پاکستان

بلوچستان کے مسائل کا حل صرف اور صرف جمہوری طریقے سے ممکن ہے، نوازشریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل صرف اور صرف جمہوری طریقے سے ممکن ہے۔

نواز شریف سے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، صدر سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن میاں محمد رؤف عطا اور صدربلوچستان ہائیکورٹ بارنے ملاقات کی۔

ملاقات میں میاں رؤف عطا نے نوازشریف سے درخواست کی کہ سیاسی قائدین اور بلوچستان کے رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پراکٹھا کریں۔

اعلامیے کے مطابق تمام رہنماؤں کو اکٹھا کرنے سے صوبے کے مسائل کےحل پرقومی اتفاق رائے قائم کیا جاسکے گا۔

میاں رؤف عطا نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے اورامن کی بحالی کےلیے جمہوری طرزعمل ہی واحد قابل عمل راستہ ہے۔

نوازشریف نے بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر دکھ اور تشویش کا اظہار کیا اور انہوں نے ہر ممکن اقدامات کرنے اور امن کی بحالی کے لیے کردار ادا کرنے کا اعلان کیا۔

نوازشریف نے جلد بلوچستان کا دورہ کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہاکہ صوبے کے مسائل کا حل صرف اور صرف جمہوری طریقے سے ممکن ہے۔

سابق وزیراعظم  نے بلوچستان کے مسائل کے حل کےلیے وفاقی حکومت کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور دونوں رہنماؤں نے پرامن، خوشحال، ترقی یافتہ بلوچستان اورملکی بہتری کےلیے مستقبل میں مشاورت جاری رکھنے کا عزم کیا۔


مزید خبریں :