20 اگست ، 2015
سرگودھا.......سرگودھا کی تحصیل چھوٹا ساہیوال میں بڑے علاقے پر چمگادڑوں کا راج ہے جس کی وجہ سے لوگ خوف کا شکار ہیں۔ علاقے میں پھلوں کے باغات کو چمگادڑوں نے اپنی خوراک کا ذریعہ بنالیا ہے، باغ مالکان پریشان ہیں۔ خوف اور دہشت میں مبتلا کردینے والے یہ مناظر کسی فلم کے نہیں بلکہ سرگودھا کی تحصیل چھوٹا ساہیوال کےہیں ۔ چمگادڑوں نے مقامی لوگوں کا جینا محال کردیاہے، دن کا چین اور رات کا سکون غارت ہوچکا ہے۔ غیرمعمولی طور پر بڑی ان چمگادڑوں نے 4 سے 5کلو میٹر کے علاقے میں پھیلے آم،جامن،کیلے، مالٹے، کھجور اور ناشپاتی کے باغات پر قبضہ جما رکھا ہے۔ مالکان کہتے ہیں کہ دو سال پہلے تک کئی کئی لاکھ روپے میں فروخت ہونے والے باغات اب کوئی مفت لینےکو بھی تیارنہیں۔ محکمہ لائیو اسٹاک کے ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر آصف شاہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں ویکسی نیشن ضروری ہے، ورنہ مہلک بیماریاں پھیل سکتی ہیں۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سےمطالبہ کیاہےکہ چمگادڑوں سے جلد از جلد ان کی جان چھڑائی جائے تاکہ علاقے میں معمول کی زندگی بحال ہوسکے۔