پاکستان
21 اگست ، 2015

پاک افغان تعلقات خراب کرنے میں بھارت ملوث ہے،علامہ ناصر

کراچی.......مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے جنرل سیکرٹری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان میں جاری دہشت گردی اور پاک افغان تعلقات کو خراب کرنے کی سازش میں بھارت کا براہ راست ہاتھ ہے۔اپنے بیان میںانہوں نے کہا کہ چین کی طرف سے اقتصادی راہدری کے قیام کے اعلان کے بعد بھارتی حکومت کی خارجہ پالیسی کا محور و مرکز پاکستان کے خلاف سازشوں تک محدود ہو کر رہ گئی، اکنامک کوریڈور کے منصوبے میں رکاوٹ پیدا کرنے کے لیے پاکستان کے داخلی و خارجی حالات کو کشیدہ کرنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔ راہدری کی تکمیل انشا اللہ ہر حال میں ہو گی اور وطن عزیز خطے میں خوشحال، باوقار اور دنیا کے پُرامن ملک کی حیثیت کے ساتھ ابھر کے سامنے آئے گا۔بھارت کی طرف سے آئے روز سرحدی خلاف ورزی ہمیں الجھانے کی سازش ہے۔ افغانستان میں موجود بھارتی سفارتخانہ پاکستان دشمن سازشوں کے مرکز کی حیثیت سے کام کر رہا ہے۔ افغانستان کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کا بیان دینے سے قبل ارض پاک کی قربانیوں کو نہ بھولے،روس افغان جنگ میں پاکستان نے عالمی حالات کی پرواہ کیے بغیر اپنی بساط سے بڑھ کر افغانستان کی عوام کا ساتھ دیا۔ بھارت اپنے اس منافقانہ روش سے باز رہے۔ اٹھارہ کروڑ عوام افواج پاک کی پشت پر کھڑی ہے۔بھارت اگر باز نہ آیا تو پھر اسے بھیانک نتائج کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

مزید خبریں :