دنیا
21 اگست ، 2015

حریت رہنما علی گیلانی اور شبیر شاہ نظر بند

 حریت رہنما علی گیلانی اور شبیر شاہ نظر بند

سرینگر.....حریت رہنمائوں سے ملاقات کے حوالے سے پاکستان کے صاف جواب کے بعد مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے ہتھکنڈے اختیار کرنا شروع کردئیے ہیں۔مقبوضہ کشمیر کی انتظامیہ نے حریت رہنما علی گیلانی اور شبیر شاہ کو نظر بند کردیاہے،ان اقدامات پر کشمیری قیادت کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر میں پاکستان اہم ترین فریق ہے، بھارتی مطالبہ، مضحکہ خیز ہے ۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے دورہ بھارت اور کشمیری قیادت سے ملاقات کے موقع پر بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری قیادت کو نظر بند کرنے کاسلسلہ شروع کر دیا ہے۔ کشمیری رہنماؤں نے بھارتی مو قف کو کمزور اور مذاکرات سے بھاگنے کی کوشش قرا ردیا ہے۔ بھارت سرکارنے سر تاج عزیزسے کشمیری کی قیادت کی ملاقات روکنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے اپنانا شروع کردیئے ہیں ،جن رہنمائوں کو گھروں میں نظر بند کیا گیا ہے ان میں شبیر شاہ اور علی گیلانی بھی شامل ہیں ۔ شبیر شاہ کاکہنا تھاکہ ان کی مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات شیڈول تھی ، جس میں انہوں نے وفد کے ہمراہ شرکت کرنا تھی ، کل ہی ان کے دفتر سے پولیس ہٹائی گئی تھی، لیکن آج پھر انہیں نظر بند کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کا موقف بڑا کمزور ہے اور وہ مذاکرات سے بھاگنے کی کوشش کررہا ہے ۔ادھر کشمیری رہنما سید علی گیلانی کو بھی گھر میں دوبارہ نظر بند کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ وہ ایک سال سے نظر بند ہیں اور انہیں نماز جمعہ کی ادائيگی کیلئے بھی باہر نہیں نکلنے دیا جاتا۔ بھارت کشمیری قیادت کو پاکستانی قیادت سے اس لیے نہیں ملنے دینا چاہتا کہ وہ جانتا کہ آزادی پسند قیادت پاکستان کو مسئلہ کشمیر پر جمے رہنے کا مشورہ دے گی۔

مزید خبریں :