21 اگست ، 2015
پیرس۔۔ رضا چوہدری /نمائندہ جنگ ۔۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاہے کہ دہشت گردی عالم اسلام ہی نہیں پوری انسانیت کیلئے بڑا خطرہ ہے۔ دہشت گرد طاقت کے حصول اور مالی مفادات کی خاطر اسلام کو بدنام کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ داعش، القاعدہ اور تحریک طالبان کی کارروائیاں مجرمانہ فعل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرس میں منعقدہ پارٹی کنونشن سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد گروپوں کی کارروائیاں جہاد نہیں فسادہے۔ اسلام ایک پر امن مذہب ہے جس میں ہر قسم کی دہشت گردی کو حرام قرار دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ نئی نسل کو انتہا پسندی اور فکری تنگ نظری کے اندھیروں سے نکالنا میری جدوجہد کا مرکزی نکتہ ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کو چاہئے کہ وہ امن کا پیغام عام کریں۔ وہ پاکستان عوامی تحریک فرانس کے زیر اہتمام ہونے والے ورکرز کنونشن میں خصوصی طور پر شرکت کے لئے فرانسیسی دارالحکومت پہنچے ہیں۔ کنونشن میں پارٹی انتظامیہ کے علاوہ مقامی صحافیوں اور کارکنوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔