پاکستان
23 اگست ، 2015

دیار غیر میں مقیم پاکستانی ملک سے بہت محبت کرتے ہیں،عطاالحق قاسمی

دیار غیر میں مقیم پاکستانی ملک سے بہت محبت کرتے ہیں،عطاالحق قاسمی

بارسلونا.......شفقت علی رضا...... بارسلونا میںپاکستان اوورسیز الائنس فورم یورپ کے کوآرڈینیٹر چوہدری سلیم لنگڑیال ،کلیم الدین وڑائچ اور امجد تھلہ نے ’’استحکام پاکستان اور اوورسیز پاکستانیوں کا کردار ‘‘ کے عنوان سے ایک سیمینار کا اہتمام کیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوںنے شرکت کی ۔سیمینارکے مہمان خصوصی پاکستان سے آئے ہوئے معروف دانشور ،شاعر اور ڈرامہ نگار عطا الحق قاسمی تھے۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد ارشد نقشبندی نے حاصل کی۔ ۔نعت رسول مقبول ﷺ اور ملی نغمہ جمی شیخ نے پیش کیا ۔بارسلونا میں پاکستان کے ویلفیئر قونصلر محمد اسلم خان غوری کی زیر صدارت ہونے والے اس سیمینار میں پاکستان کی معیشت کی ترقی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی کوششوں اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔مہمان خصوصی عطا الحق قاسمی نے اس موقع پر اپنی بعض تحریریں پڑھ کر بھی سنائیں جو ہلکے پھلکے مزاح کے ساتھ ساتھ پاکستان کے حالات کی مثبت تصویر کشی سے مزین تھیں۔ عطا الحق قاسمی نےمزید کہاکہ ایسی تقریبات اور سیمینار دوسرے ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی نئی نسلوں کو ہماری تہذیب و تمدن ، رہن سہن اور پاکستان سے محبت بڑھانے کے لئے کارگر ثابت ہوتے ہیں ، میڈیا پر آکر پاکستان کے خلاف باتیں کرنے والے ہوش کے ناخن لیں کیونکہ دیار غیر میں مقیم پاکستانی اپنے وطن کے بارے میں ایسی باتیں سن کر پریشان ہو جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں دنیا کے کئی ممالک میں گیا ہوں اور بر ملا کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے بارے میں جو احساس اورمحبت دیار غیرمیں مقیم پاکستانی اپنے دلوں میں رکھتے ہیں وہ پاکستان میں رہنے والوں سے کہیں زیادہ ہے ۔سیمینار کے دوسرے حصے کی نظامت کے فرائض ایس اے رضا نے ادا کئے ،جس میں اسپین کی پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے سوال و جواب کی نشت ہوئی شرکاء سیمینار نے بارسلونہ میں پاکستانی قونصل خانے میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے اجراء ،قونصل خانہ میںملاقات کا وقت جلد نہ ملنے ،بارسلونا میں کمیونٹی سنٹر کے قیام ، پی آئی اے کی براہ راست فلائٹ دوبارہ شروع کرنے کے لئے قونصلیٹ جنرل بارسلونا کی جانب سے کی جانے والی پیش رفت کی رپورٹ اور ایمرجنسی کی صورت میں بغیر سیتا سسٹم کے قونصل خانہ جانے کی سہولت جیسے معاملات پر سوالات اٹھائے۔ جن کا ویلفیئر قونصلر محمد اسلم خان غوری نے تفصیلاً جواب دیا ۔سیمینار میں اعجاز پیارا ،عبدالغفار مرہانہ ،چوہدری انجم چھوکر کلاں ،محمد فاروق (ایڈیشنل کمشنر سرگودھا )،ڈاکٹر ہما جمشید سمیت دیگر نے شرکت کی۔

مزید خبریں :