پاکستان
24 اگست ، 2015

خیبرایجنسی حملہ: 4شہید فوجیوں کی نماز جنازہ ادا، افغان سفیر سے شدید احتجاج

خیبرایجنسی حملہ: 4شہید فوجیوں کی نماز جنازہ ادا، افغان سفیر سے شدید احتجاج

خیبرایجنسی.........افغانستان سے دہشت گردوں نے خیبر ایجنسی میں پاک فوج کی پوسٹ پر راکٹ حملہ کیا ہے۔ حملے میں پاک فوج کے 4جوان شہید اور 4زخمی ہوگئے۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کر تے ہوئے دہشت گردوں کے گروہ کا صفایا کیا۔ حملے میں شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ کور ہیڈ کوارٹر پشاور میں ادا کردی گئی ہے۔ اس سے پہلے افغان سر زمین آج ایک بار پھر پاکستان کے خلاف استعمال ہوئی۔ دہشت گردوں نے افغانستان سے خیبر ایجنسی کے علاقے اخندوالا میں پاک فوج کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ 8000فٹ کی بلندی پر واقع اس پوسٹ پر راکٹ حملے میں پاک فوج کے 4جوان شہید اور 4زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور دہشت گردوں کا صفایا کر دیا۔ افغان سرزمین اس سے پہلے بھی پاکستان کے سرحدی علاقوں پر حملوں کے لئے استعمال ہوتی رہی ہے اور اس سلسلے میں 2012سرحد پار سے حملوں کے حوالے سے بد ترین سال رہا تھا۔ مختلف دہشت گردوں حملوں میں درجنوں سیکورٹی اہلکار ہلاک اور ذخمی ہوئے۔ 2011میں افغان سرحد سے دہشت گردوں نے باجوڑ، مہمند ایجنسی، دیر اور چترال میں کاروائیاں کیں۔ دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے دونوں ملکوں کی سیکورٹی فورسز کے درمیان روابط میں بہتری سے افغانستان سے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیاں ختم کی جاسکتی ہیں۔ دوسری جانب پاکستان سے ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان سفیر جانان موسیٰ زئی کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستانی حدود میں کیے گئے راکٹ حملوں پر شدید احتجاج کیا۔ پاکستان نے کابل حکومت سے مطالبہ کیا کہ افغانستان ایسے حملوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ خیبر ایجنسی میں سرحد پار سے پاکستانی چیک پوسٹ پر راکٹ حملے میں سیکورٹی فورسز کے 4اہلکار شہید اور4 زخمی ہوئے تھے۔

مزید خبریں :