18 مئی ، 2012
کراچی … عالمی مارکیٹ میں چین کی جانب سے سونے کی خریداری دوبارہ شروع کیے جانے کی وجہ سے سونے کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ شروع ہوگیا ہے جس کے اثرات نے مقامی سطح پر سونے کی فی تولہ قیمت کو 55 ہزار روپے پر پہنچا دیا ہے۔ آل سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی ہارون رشید چاند نے بتایا کہ چین ایک بار عالمی مارکیٹ میں سونے کی خریداری کررہا ہے جس کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1590 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی ہیں اور اس کے اثرات مقامی مارکیٹس میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔ جمعہ کو ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت 1200 روپے اضافے کے بعد 55 ہزار 200 روپے ہوگئی ہے۔ سونے کی 10 گرام قیمت 1029 روپے اضافے کے بعد 47 ہزار 314 روپے پر پہنچ گئی ہے۔ حاجی ہارون رشید چاند کے مطابق اضافے کا یہ رحجان مزید طول پکڑ سکتا ہے ۔