06 ستمبر ، 2015
اسلام آباد.........یوم دفاع کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فضا میں پر پھیلائے تو لڑاکا طیارے ایف سولہ کی گھن گرج اور جے ایف سیونٹین تھنڈرکی دھمک سے شہر اقتدار گونج اٹھا، شیر دل فارمیشن نے قراقرم ایٹ طیاروں سے فضا میں رنگ بکھیرے۔ گھن گرج کے ساتھ آتے جاتے طیاروں کو دل تھامے دیکھتے شہر اقتدار کے باسیوں نے پاک فضائیہ کے شاہینوں کو اس وقت بھرپور داد دی جب طیاروں نے عین اُن کے سروں پر آکر اپنی سمتیں تبدیل کیں۔یوم دفاع کے موقع پر فاطمہ جناح پارک میں ایئرشو دیکھنے والوں کا تانتا بندھ گیا، طیاروں کی گھن گرج کے ساتھ پاک فضائیہ کے شاندار فلائی پاسٹ کا آغاز ہوا تو سب سے پہلے میراج طیارے فضائوں کا سینہ چیرتے ہوئے گزرے۔دشمنوں پر ہیبت طاری کرنے والے جے ایف سیونٹین تھنڈر کی آمد نے خون مزید گرما دیا۔ایف سولہ نمودار ہوئے تو یقین مزید پختہ ہوگیا کہ پاک فضائیہ ناقابل تسخیر ہے۔جھپٹتے، پلٹتے، پلٹ کر جھپٹتے لڑاکا طیاروں نے انتہائی خطرناک کرتب پیش کیے۔قراقرم ایٹ نے فضاؤں میں خوب رنگ بکھیرے، شیردل فارمیشن کی مہارت پرسب نے دل کھول کرداد دی۔افق پر بیل 412 ہیلی کاپٹر نے شاندار کرتب دکھائے جبکہ پیوما ہیلی کاپٹر اور پیرا شوٹرز نے بھی ایئرشو میں حصہ لیا۔