کاروبار
07 ستمبر ، 2015

کراچی :دودھ 94 روپے فی لیٹر، دہی 130 روپے کلو کردی گئی

کراچی :دودھ 94 روپے فی لیٹر، دہی 130 روپے کلو کردی گئی

کراچی......کراچی میں دودھ اور دہی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا گیا، غضب خدا کا، دودھ 94روپے، دہی 130 روپے کلو ہوگئی۔ ڈیری فارمرز نے بھینسوں کو لگایا جانے والا انجکشن مہنگا ہونے کا بہانہ بناکر شہریوں کو ٹیکا لگادیا۔مہنگائی کے ماروں کو ایک اور جھٹکا لگا ہے، سندھ بھر میں دودھ اور دہی کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔ کراچی میں بھی دودھ اور دہی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا گیا ہے۔ دودھ کی قیمت 10روپے فی لیٹر بڑھادی گئی، جس کے بعد دودھ 84 سے 94 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا جبکہ دہی 30روپے کے اضافے کے بعد 130روپے فی کلو تک ہوگئی۔ دام بڑھانے پر ڈیری فارم ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ بھینسوں میں دودھ بڑھانے والے انجکشن کی قیمتوں میں 3گنا اضافہ ہوگیا ہے، انجکشن کے سر بلا ڈال کر ڈیری ایسوسی ایشن نے شہریوں کو جو ٹیکا لگایا،اس سے وہ بلبلا اٹھے۔ دودھ کی قیمتیں سن کر دن میں تارے نظر آگئے،دہی کی قیمتوں نے چودہ طبق روشن کردیے۔ رہ گئی انتظامیہ تو اس نے زبانی کلامی بیان دے کر اپنی ذمے داریاں نبھالیں۔ ڈیری مافیا اور شہری انتظامیہ کے درمیان چلنے والی پیسے کی گیم میں پھنسے شہریوں نے فریاد کی ہے کہ بھینسوں کو انجکشن لگنا بند ہوئے ہوں یا نہ ہوئے ہوں، ہمیں مہنگائی کا ٹیکا ضرور لگ گیا ہے۔دوسری جانب شیر فروشوں کی من مانی پر انتظامیہ کو غصہ آگیا، ڈیری فارمر ایسوی ایشن کے دو رہنماؤں سمیت 11افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

مزید خبریں :