27 جنوری ، 2012
سکھر… ایم کیو ایم کے زیر اہتمام سکھر میں ’خوشحال سندھ مضبوط پاکستان ‘کے نام سے ریلوے اسٹیشن گراؤنڈ میں جلسہ عام کے سلسلے میں پارٹی قائدین پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔جلسے سے متحدہ کے قائد الطاف حسین لندن سے براہ راست خطاب کریں گے۔ ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت کے مطابق یہ جلسہ سکھر کی تاریخ کا بڑا جلسہ ہوگا،جس میں سکھر کے علاوہ گھوٹکی، خیرپور،نوشہروفیروز،نواب شاہ،لاڑکانہ،قمبر شہداد کوٹ،شکار پور ،جیکب آباد ،کندھ کورٹ اور کشمور سے بڑی تعداد میں کارکنان پہنچ گئے ہیں۔ جلسے کے لئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ایم کیو ایم کے کارکنان کی انٹرنل سیکیورٹی کے علاوہ جلسہ گاہ کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔جلسہ گاہ میں آنے والوں کے لئے ہزاروں کرسیاں لگائی گئیں ہیں اور ایک بڑا اسٹیج تیار کیاگیا ہے جس میں مرکزی قائدین بیٹھیں گے۔میڈیا کے نمائندوں کے لئے 2 چھوٹے اسٹیج تیار کیے گئے ہیں۔۔جلسہ گاہ میں آمد کے موقع پر سابق سٹی ناظم کراچی اور ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ یہ جلسہ ایک بڑا جلسہ ہوگا۔آج کے اس جلسے کے بعد کوئی سندھیوں اور اردو بولنیوالوں کو لڑوا نہیں سکے گا۔