08 ستمبر ، 2015
صنعاء......یمن کے صدر عبد ربہ منصور ہادی نے کہا ہے کہ سابق منحرف صدر علی عبداللہ صالح، ان کی حامی ملیشیا اور باغی گروپ حوثی جنگی مجرم ہیں جو نہتے شہریوں کا قتل عام کررہے ہیں۔ ان کی وحشیانہ کارروائیوں پر خاموش رہنے کا کوئی جواز نہیں ۔عرب ٹی وی کے مطابق صدر منصورہادی نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کے یمن کے بارے میں خصوصی ایلچی اسماعیل الشیخ احمد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں صدرہادی نے کہا کہ یمن میں قیام امن کے لیے سلامتی کونسل کی قرارداد2216 پر فوری عمل درآمد کی ضرورت ہے، یمن کے موجودہ بحران کا وہی سیاسی حل مثالی ہوسکتا ہے جس میں حوثی ہتھیار پھینک کر تمام ریاستی اداروں اور شہروں کو آئینی حکومت کی عمل داری میں دیں اور یمن کے حوالے سے عالمی اور خلیجی ممالک کے فیصلوں پر قبول کریں۔ حوثیوں اور علی صالح کی کارروائیوں سے ملک بدترین تباہی سے دوچار ہوا ہے۔ یمن کی تعمیر نو ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔ عالمی برادری اس میں حصہ لے۔