Time 25 مارچ ، 2025
پاکستان

کوریا کے تعاون سے آلو کے بیج کی پیداوار کا شاندار منصوبہ لگایا گیا ہے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرعی انقلاب دوبارہ آسکتاہے اگر کسان کو کھاد بیج اور دوائيں مناسب قیمت پر مہیا کردی جائيں، جمہوریہ کوریا کے تعاون سے آلو کے بیج کی پیداوار کا شاندار منصوبہ لگایا گیا ہے۔

قومی زرعی تحقیقاتی کونسل میں آلو کے بیج کی تیاری اور ایروپانکس کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف کا کہناتھاکہ پی اے آر سی میں زرعی ترقی کےلیے کام ہورہا ہے، یقین ہے آپ کی محنت کی بدولت زراعت ترقی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آلو کے بیج سے متعلق ادارے کے قیام پر جمہوریہ کوریا کے مشکور ہیں،  آلو کے بیج کی پیداوار کا شاندار منصوبہ لگایا گیا ہے، منصوبے سے کسانوں کو بہترین پیداواری صلاحیت کا حامل معیاری بیج فراہم ہوگا، معیاری بیج کی فراہمی سے پیداوار میں اضافے کے ساتھ اعلیٰ قسم کا آلو مہیا ہوگا، ہمیں کپاس،گنا اور دیگر فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اٖضافہ کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھاکہ بہترین بیج، کھاد اور معیاری ادویات کی بروقت فراہمی سے زرعی انقلاب آئے گا، ہمارا کسان محنتی اور قابل ہے، بہترین بیج کی فراہمی سے پیداوار میں اضافہ ہوگا، زرعی گریجویٹ کو زرعی شعبے میں کام کےلیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ ہمیں زراعت کاملکی معیشت میں حصہ بڑھانا ہے،  اگلے چند سال میں پاکستان کی زراعت اتنی مضبوط ہوجائے گی کہ جن سے نہ صرف پاکستان کی ضروریات پوری ہوں بلکہ ایکسپورٹ کرکے معیشت کو بھی سنبھالا جاسکے۔

مزید خبریں :