27 جنوری ، 2012
کراچی… رفیق مانگٹ… اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر سے 20لاکھ ڈالرکی کوکین کے دو تھیلے برآمد ہوئے،کوکین کی یہ دو بوریاں اتفاقی طور پرنیو یارک میں اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر کو بھیج دیئے گئے۔برطانوی اخبار’ٹیلی گراف‘ کے مطابق دو ملین ڈالر مالیت کی منشیات کتابوں کے بیگ میں چھپائی گئی تھیں جس پر عالمی ادارے کا لوگو چسپاں تھا۔ پولیس کے مطابق یہ تھیلے میکسیکو سے بھیجے گئے لیکن جب اوہائیو میں پارسل کی جانچ پڑتال کی گئی توان کا پتہ تلاش نہیں کیا جاسکا جس پر اسے اقوام متحدہ کو بھیج دیا گیا۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی کمشنر پال براوٴن نے اے ایف پی کو بتایا کہ مکتوب الیہ کا نام نہ ہونے پر کورئیر سروس نے یہ سوچا کہ اقوام متحدہ کی علامت چسپاں ہے لہذاا نہوں نے وہاں بھیج دیا۔اقوام متحدہ کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ یہ آٹے کے تھیلے کی مانندتھے لیکن سرکاری تھیلوں کی طرح رنگ نہیں تھا اور سفارتی بیگ کی طرح نہیں تھا۔