پاکستان
16 ستمبر ، 2015

آرمی چیف نے جنوبی وزیرستان میں کئی منصوبوں کا افتتاح کر دیا

آرمی چیف نے جنوبی وزیرستان میں کئی منصوبوں کا افتتاح کر دیا

راولپنڈی.......آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب میں قبائلیوں کی قربانیوں پر شکریہ ادا کیا ہے۔ جنوبی وزیرستان میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو اب کبھی واپس نہیں آنے دیں گے۔

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن کی کامیابی کی قیمت ادا کی ہے، قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کو علاقوں سے نکال دیا ہے، واپس نہیں آنے دیں گے، پاک فوج اپنا کام مکمل ہونے تک واپس نہیں جائے گی۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جنوبی وزیرستان کے دورے کے موقع پرکہا کہ فاٹا کے عوام کی بحالی کے منصوبے ہر صورت مکمل کیے جائیں گے، عارضی بے گھر افراد کی واپسی طے شدہ منصوبے کے تحت بہترعلاقے میں ہوگی، آپریشن ضرب عضب آخری مراحل اور چیدہ چیدہ علاقوں میں ہے، آپریشن میں قبائلیوں کی قربانیوں اور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں، اپنے علاقوں میں امن وخوشحالی کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جنوبی وزیرستان میں متعدد منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے آپریشن کے بعد فاٹا کے بحالی پروگرام کا حصہ ہیں۔ آرمی چیف نے وانا میں پانچ سو بچوں کےلیے کیڈٹ کالج اور ایک سو بتیس کے وی گرڈ اسٹیشن سمیت 54کلو میٹر ٹرانسمیشن لائن کا افتتاح بھی کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ فاٹا کے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ کالجز بھیجنے میں ہر ممکن مدد کی جائے گی، ترقیاتی منصوبوں سے فاٹا کے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا، علاقے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، فاٹا کے علاقوں میں خوشحالی ہمارا بڑا مقصد ہے۔

آرمی چیف نے ٹانک ڈی آئی خان کے درمیان 62کلومیٹر سڑک کا بھی افتتاح کیا جو کہ 750کلومیٹر مرکزی اقتصادی راہداری کے حصہ کے طور پر افغانستان سے جڑی ہوگی۔

مزید خبریں :