پاکستان
18 ستمبر ، 2015

صدرِ مملکت سمیت اہم رہنماؤں کی پشاور حملہ کی مذمت

صدرِ مملکت سمیت اہم رہنماؤں کی پشاور حملہ کی مذمت

اسلام آباد.........صدرِ مملکت،وزیر اعظم سمیت ملک بھر کے سیاسی ،مذہبی اور سماجی رہنماؤں نےپشاور میں پاک فضائیہ کے کیمپ پر حملہ کی مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائی جائے گی۔

صدر مملکت ممنون حسین نے پشاور میں پاک فضائیہ کے کیمپ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔وزیراعظم نوازشریف نے بھی حملےکی شدید مذمت کی ہے۔

وزیر داخلہ چودھری نثار نے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپوزيشن لیڈر سید خورشید شاہ نےحملے کی مذمت کرتےہوئے کہا ہےکہ دہشت گرد اسلام اور ملک دشمنوں کےایجنٹ ہیں ،دہشت گرد اور ان کے حواری جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

گورنرپنجاب رفیق رجوانہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا کرفورسز نے جرات،بہادری کا مظاہرہ کیا۔18 کروڑ عوام کوپاکستان کی بہادر افواج پر فخر ہے ،دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کےلیے پوری قوم متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ پرویز خٹک اور بلوچستان کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبد المالک نے بھی فضائیہ کے کیمپ پر حملہ کی مزمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیا پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

سابق صدرآصف علی زرداری،پاکستان علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہراشرفی اور علامہ طاہر القادری نے بھی حملہ کی مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی لعنت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔

مزید خبریں :