18 ستمبر ، 2015
اسلام آباد.......سانحہ پشاور پر سینیٹ کے اراکین کا کہنا ہے کہ پوری قوم اور پارلیمنٹ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فوج کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان کو ہر قیمت پر یہ جنگ جیتنی ہے۔
وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف بڑی سرجری ہو چکی ہے، کچھ حصے باقی ہیں جس کے لیے ٹارگٹڈ آپریشن پورے ملک میں جاری ہے، انشاء اللہ ان کے نیٹ ورک کو ہمیشہ کے لیے پاکستان سے ختم کیا جائے گا۔
صدر پی پی پی خیبر پختونواہ، سینیٹر خانزادہ خان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ بہت جلد چھٹکارہ مل جائے گا اور کامیابی ہو گی ، آج کا واقعہ ناکام بنا دیا ہےبڑی ہمت اور حوصلے سے۔
وفاقی وزیر ہائوسنگ اکرم خان درانی نے کہا کہ ہمارے سیکورٹی کے ادارے چوکس ہیں، اگر کچھ ہو بھی جاتا ہے تو اس کو بڑے اچھے طریقے سے ناکام بنا دیا جاتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی، سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کو بتانا چاہیے کہ کہاں کہاں داڑیں ہیں جن کا سہارا لے کر ایسے حساس اداروں تک دہشت گرد پہنچ جاتے ہیں اور کارروایاں کرتے ہیں۔
سینیٹر بشیر بلور عوامی نیشنل پارٹی نے کہا کہ یہ دہشت گرد بھی ختم ہو جائیں گے اگر آرمی ایسے لڑتی رہے۔