03 اکتوبر ، 2015
ہرارے.........خراب روشنی سے متا ثرہ میچ میں پاکستان کو زمبابوے کے خلاف 5رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ شعیب ملک کی دلیری نے زمبابوے کی ٹیم کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔زمبابوے کی جانب سے اوچھا ہتھکنڈہ اپنایا گیا اور خراب روشنی کی شکایت کرتے ہوئے میدان سے باہر چلے گئے۔
میچ کا فیصلہ ڈَک ورتھ لوئس لاء کے تحت کیا گیا۔ زمبابوے اور پاکستان کے مابین کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کی نا تجربہ کار بیٹنگ لائین خزاں رسیدہ پتوں کی طرح بکھر گئی اورشعیب ملک کے96رنز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاجس کا فائدہ زمبابوے کے بلے بازوں نے اٹھایا اور پاکستان کے لئےایک بڑا ٹارگٹکھڑا کر دیا۔
زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 276 رنز بنائے۔اوپننگ بیٹسمین چی بھا بھا نے96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔ دیگر بیٹسمینوں میں کپتان چگمبرا 67 ، برائن شاری 39 اور سکندر رضا 32رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے سب سے اچھی بولنگ کی۔
وہاب نے 4زمبابوین کھلاڑیوں کوواپس پویلین پہنچایا جبکہ محمد عرفان اورعامر یامین نے ایک ایک کھلا ڑی کو آئوٹ کیا۔ 277 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کی بیٹنگ لائین لڑکھڑا گئی ۔ اننگز کے آغاز ہی سے پاکستانی بلے باز پویلین لوٹتے رہے اور 76 کے مجموعی اسکور پر اس کے 6 کھلاڑی اپنی راہ لےچکے تھے۔
کپتان اظہر علی، اسد شفیق، سرفراز احمد، محمد رضوان اور اپنا پہلا میچ کھیلنے والے بیٹسمین بلال آصف 10 کا ہندسہ بھی عبور نہیں کر پائے۔ محمد حفیظ کی مزاحمت بھی 27رنز تک محدود رہی ۔ اسٹار آل رائونڈر شعیب ملک نے نوجوان کھلاڑی عامر یا مین کے ہمراہ 111 رنز کی شراکت قائم کی جس نے پاکستان کی جیت کی امیدوں کو سہارا دیا لیکن عامر یامین 62 کے اسکور پر شعیب ملک کا ساتھ چھوڑ گئے۔
شعیب ملک نے ٹیلینڈرز کے ساتھ مل کر پاکستان کو جیت کی طرف گامزن کیا اور میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا۔میچ جب پاکستان کی گرفت میں آیا تو زمبابوے کے فیلڈرز نے کم روشنی کی شکایت کی اور میدا ن سے باہر چلے گئے اور پاکستان کو 5رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
زمبابوے کی جانب سے پیانگرا نے 2 جبکہ جونگوے،چی بھابھا، کریمر، چگمبرا نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔شاندار آل رائونڈ پر فارمنس پرزمبابوے کے کپتان ایلٹن چگمبرا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تین ایک روزہ میچوں کی سریز1-1سے برابر ہو گئی ہے۔